جیمز ویب ٹیلی سکوپ سے لی گئی 2 کہکشاؤں کی حیرت انگیز تصویر

image

دور دراز خطوں کے مطالعے کا نیا دور، دونوں کہکشاؤں کو پہلے سے کہیں زیادہ واضح طور پر دیکھا گیا، دونوں کہکشاؤں کی مختلف شکلوں کے باوجود، پینگوئن اور ایگ کا وزن تقریباً ایک جیسا ہی ہے۔

واشنگٹن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ناسا نے جیمز ویب ٹیلی اسکوپ سے لی گئی ایک حیرت انگیز تصویر جاری کر دی ہے۔ اس تصویر میں این جی سی 2936 اور این جی سی2937 کہکشاؤں کو ایک فریم میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ دونوں کہکشائیں پینگوئن اور ایگ کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں۔ 

جیمز ویب اسپیس ٹیلی سکوپ کی ٹیم کی جانب سے نئی تصویر کی نقاب کشائی کی گئی ہے۔ تصویر میں دونوں کہکشاؤں کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تصویر میں دونوں کہکشائیں پہلے سے کہیں زیادہ واضح طور دکھائی دے رہی ہیں۔

ناسا کے فلکی طبیعیات ڈویژن کے ڈائریکٹر مارک کلیمپن کا کہنا تھا کہ ٹیلی اسکوپ ابتدائی کائنات کے بارے میں رازوں سے متعلق بصیرت فراہم کر رہی ہے۔ اس کے ذریعے دور دراز کے خطوں کے مطالعے کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان دونوں کہکشاؤں کی مختلف شکلوں کے باوجود، پینگوئن اور ایگ کا وزن تقریباً ایک جیسا ہی ہے۔