2 برسوں کے دوران بجلی کے بنیادی ٹیرف میں تاریخی اضافہ ہوا

image

صارفین پر فی یونٹ 3 روپے 23 پیسے کا مستقل سرچارج الگ سے عائد، سرچارج  کو اگر ساتھ ملایا جائے تو 2 سال کے دوران فی یونٹ ٹیرف میں یہ اضافہ 25 روپے 76 پیسے بنتا ہے، گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) گزشتہ 2 برسوں کے دوران بجلی کے بنیادی ٹیرف میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 22 روپے 53 پیسے تک کا تاریخی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ اس دوران بجلی صارفین پر فی یونٹ 3 روپے 23 پیسے کا مستقل سرچارج الگ سے عائد کیا گیا ہے۔

سرچارج  کو اگر ساتھ ملایا جائے تو 2 سال کے دوران فی یونٹ ٹیرف میں یہ اضافہ 25 روپے 76 پیسے بنتا ہے۔ بجلی صارفین پر 2 سال میں 2 ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈال گیا۔ ذرائع کے مطابق جولائی 2023 میں بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں7 روپے 50 پیسے تک اضافہ کیا گیا تھا۔ 

جولائی 2023ء میں فی یونٹ 3.23 روپے کا مستقل سرچارج بھی عائد کیا گیا تھا جبکہ جولائی 2024ء میں بنیادی ٹیرف کی مد میں فی یونٹ بجلی 7.12 روپے تک مہنگی کی گئی۔ وفاقی کابینہ کی منظوری سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کیا گیا۔ صارفین نے سہہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس میں اضافے کا بوجھ الگ بردداشت کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاور ڈویژن نے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔