ہزاروں نامور صحافیوں کے استاد زندگی کی بازی ہار گئے

جامعہ کراچی کے سابق پروفیسر زکریا ساجد کا 96 برس کی عمر میں انتقال، پروفیسر زکریا ساجد نے 1963ء میں جامعہ کراچی سے شعبہ صحافت میں اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز کیا، 2014ء میں انہیں صدارتی ایوارڈ تمغہء امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
کراچی: (نیوز ڈیسک) جامعہ کراچی کے سابق پروفیسر زکریا ساجد انتقال کر گئے ہیں۔ انہوں نے 96 برس کی عمر میں انتقال کیا ہے۔ وہ شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے بانی و سابق چیئرمین اور پریس انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کے سابق ڈائریکٹر تھے۔
پروفیسر زکریا ساجد 30 جون 1988ء کو ریٹائر ہوئے تھے۔ انہوں نے 1963ء میں جامعہ کراچی سے شعبہ صحافت میں اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ پروفیسر زکریا ساجد کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ ملک کے کئی نامور صحافی ان کے شاگرد تھے۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی تدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔
سال 2009ء میں سندھ یونیورسٹی کے سینٹر فار رورل ڈیویلپمنٹ کمیونیکیشن کے کانفرنس ہال کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔ مرحوم پروفیسر زکریا ساجد کی تعلیمی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہیں 2014ء میں صدارتی ایوارڈ تمغہء امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔