چینی بس ساز کمپنی کراچی میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کیلئے تیار

image

یوٹونگ کمپنی کے سی ای او کی سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات، شرجیل انعام میمن نے جولائی 2022ء میں کمپنی کو پلانٹ لگانے کی دعوت دی تھی، پلانٹ لگنے سے صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ 

کراچی: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چینی بس ساز کمپنی نے پاکستان میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یوٹونگ کی انٹراسٹی اور الیکٹرک بسز اب کراچی میں بنیں گی۔ پلانٹ میں ای وی بسز اور ہائبرڈ ڈیزل بسز تیار کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ہوٹونگ دنیا کی سب سے بڑی بس ساز کمپنی ہے۔ یوٹونگ مشرق وسطیٰ کے سی ای او اور دیگر حکام نے کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔ خیال رہے کہ شرجیل انعام میمن کی جانب سے جولائی 2022ء میں کمپنی کو کراچی میں پلانٹ لگانے کی دعوت دی گئی تھی۔ 

یوٹونگ کی جانب سے کراچی میں پلانٹ لگانے کا کام 3 ماہ کے اندر شروع ہو جائے گا۔ پلانٹ کا کام اگلے سال مکمل ہو جائے گا۔ پلانٹ لگنے سے صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔