مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری

image

وفاقی ادارہء شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ، ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.76 فیصد اضافہ ہوا ہے،  ہفتے کے دوران چکن کی فی کلو قیمت 373.25 روپے سے بڑھ کر 412 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ 

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ بدستور جاری ہے۔ حالیہ ہفتے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.76 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 24.36 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی ادارہء شماریات نے مہنگائی بارے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رواں مالی سال 2024-25ء کا وفاقی بجٹ نافذ ہونے کے بعد  مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 29 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ 

چکن کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ چکن کی فی کلو قیمت 373.25 روپے سے بڑھ 412 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح انڈے 3 فیصد جبکہ آلو اور لہسن 2، 2 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔ پاوڈر دودھ کی قیمتوں میں پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران  خشک دودھ 390 گرام کا بیگ 44 روپے 89 پیسے مہنگا ہو گیا۔ حالیہ ہفتے کے دوران لہسن فی کلو 10 روپے 42 پیسے مہنگا ہوا جبکہ دالیں، تازہ دودھ، چینی، چاول اور دہی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے جبکہ ٹماٹر فی کلو 7 روپے 29 پیسے اور کیلے 3 روپے 62 پیسے سستے ہوئے ہیں۔