کاربن ڈائی آکسائیڈ اور ہائیڈروجن سے مکھن بنانے کا کامیاب تجربہ

image

اسٹارٹ اپ کمپنی سیور کا اہم کارنامہ، تیار کردہ مکھن کی نہ صرف ساخت بلکہ ذائقہ بھی اصل مکھن کی طرح برقرار ہے، اس ترکیب شدہ مکھن میں اصلی جانوروں کی چربی کے مقابلے میں کاربن کے اثرات بہت کم ہوتے ہیں۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سائنسدانوں نے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور ہائیڈروجن سے مکھن بنانے کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ یہ کارنامہ مائیکروسافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس کی اسٹارٹ اپ کمپنی سیور نے انجام دیا ہے۔ مصنوعی طریقے سے تیار کئے گئے مکھن کی نہ صرف ساخت بلکہ ذائقہ بھی اصل مکھن کی طرح برقرار ہے۔

کمپنی نے مکھن کی چکنائی کے مالیکیولز بنانے کیلئے تھرمو کیمیکل عمل کو پیٹنٹ کیا۔ جس کے بعد دودھ، مکھن، پنیر اور آئس کریم جیسی مصنوعات کا ڈیری- فری متبادل تیار کیا گیا۔ واضح رہے کہ مکھن بنانے کے اس طریقے میں نہ کوئی گرین ہاؤس گیسیں خارج ہوتی ہیں اور نہ ہی کوئی کھیتی باڑی جیسے اقدامات کا دخل ہے۔

کمپنی کے مطابق مکھن بنانے کے اس عمل میں روایتی زراعت کیلئے استعمال ہونے والے پانی کا ہزارویں حصے سے بھی کم استعمال ہوتا ہے۔ اس ترکیب شدہ مکھن میں اصلی جانوروں کی چربی کے مقابلے میں کاربن کے اثرات بہت کم ہوتے ہیں۔ اس مکھن کو مارکیٹ میں لانے سے پہلے کمپنی کے سامنے ابھی بہت سے چیلنجز ہیں۔