ملک میں ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کیلئے کام جاری

image

ڈیجیٹل کرنسی کا جائزہ لینے کیلئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے تکنیکی معاونت حاصل، اگلے سال راست سسٹم کو عرب مانیٹری فنڈ کے کراس بارڈر پیمنٹ سسٹم ’’بونا‘‘ سے منسلک کر دیا جائے گا، بیرون ملک مقیم 6 کروڑ پاکستانیوں کو اپنی رقوم فوری منتقل کرنے کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔ 

کراچی: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک ملک میں ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کیلئے کام کر رہا ہے۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللّٰہ نے پیر کو ڈیجیٹل سپلائی چین فنانس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر بڑھانے کیلئے مڈل ایسٹ سمیت 60 ممالک کو پاکستان کے ساتھ کنیکٹ کر رہے ہیں۔ اگلے سال راست سسٹم کو عرب مانیٹری فنڈ کے کراس بارڈر پیمنٹ سسٹم ’’بونا‘‘ سے منسلک کر دیا جائے گا۔ 

بونا سسٹم سے منسلک ہونے کے بعد پاکستانی کم سے کم خرچ میں رقم منتقل کر سکیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے ڈیجیٹل کرنسی کا جائزہ لینے کیلئے تکنیکی معاونت حاصل کر لی گئی ہے۔ بیرون ملک مقیم 6 کروڑ پاکستانیوں کو اپنی رقوم فوری منتقل کرنے کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔ 

گورنر نے کہا کہ ایس ایم ای ہماری معیشت کا اہم جز ہے جس کا جی ڈی پی میں 40 فیصد، برآمدات میں 24 فیصد اور ملازمتوں کی فراہمی میں 80 فیصد حصہ ہے۔ اسٹیٹ بینک ملک میں ایس ایم ای دوست اور متحرک مالیاتی نظام بنانے میں ناکام رہا ہے۔ حکومت سے کہا ہے کہ قوانین میں تبدیلی کریں، ایس ایم ای شماری کی جائے اور ایس ایم ایز کو فنانسنگ کیلئے کریڈٹ کوریج کو متعارف کرایا جائے۔