سوشل میڈیا پر فائروال کی تنصیب کا ٹرائل مکمل ہوگیا

image

ذرائع وزارت داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر فائروال کی تنصیب کا ٹرائل مکمل کرلیا، جس میں مطلوبہ نتائج حاصل ہونے کے بعد اب حکومت فائر وال کی خریداری کرے گی۔

اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق دوران ٹرائل فائر وال کے ذریعے سوشل میڈیا پرتصویریں، وائس ریکارڈنگ، ویڈیوزڈاؤنلوڈنگ بند کیا گیا جبکہ موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ سروس کی رفتار کو بھی کم کیا گیا، حکومت کی جانب سے فائروال موبائل ڈیٹا پر لگا کر چیک کی گئی، علاوہ ازیں پی ٹی اے نے تمام موبائل کمپنیوں کو ایشوکلیرنس کی ای میل کردی، ذرائع کے مطابق واٹس ایپ اورفیس بک اپنی اصل حالت میں بحال ہوگئی، ٹرائل کے بعد حکومت فائروال کی خریداری کرےگی، فائروال خریداری کا اشتہار پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ 11 جون کو حکومت نے سوشل میڈیا صارف کو لگام ڈالنے کے لیے فائر وال کی تنصیب کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت انٹرنیٹ سروس فراہم کر نیوالی کمپنیوں پر فائر وال نصب ہو گی اور ڈیپ پیکٹ انسپکشن سے سوشل میڈیا ڈیٹا کو فلٹر کیا جاسکے گا جبکہ فائر وال اپلیکیشن کے بجائے اب آئی پی لیول پر ڈیٹا بلاک ہوسکے گا، ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ سروس فراہم کرنیوالی کمپنیوں پر فائر وال نصب ہوگی، فائر وال کی تنصیب کی کچھ قیمت حکومت ادا کرے گی فائروال کی باقی قیمت انٹرنیت سروس فراہم کرنیوالی والی کمپنیاں ادا کریں گی۔

وزارت آئی ٹی کے مطابق انٹرنیٹ سروس فراہم کرنیوالی کمپنیاں غیرقانونی مواد روکنے کی پابند ہیں، کمپنیاں لائسنس کی شق کے مطابق ایسے مواد کی روک تھام کیلئے اقدامات کی پابند ہیں، فائر وال کی تنصیب پی ٹی اے کا دائرہ اختیار ہے، اس سے قبل خبر آئی تھی کہ پاکستان نے 2018ء میں پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں کینیڈا کی ایک فرم سے ویب مانیٹرنگ سسٹم خریدا تھا جو اب تک استعمال ہو رہا ہے۔ جنوری میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے آج نیوز کو بتایا تھا کہ ویب مانیٹرنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔