کمالا ہیرس ڈیموکریٹک کی اگلی ممکنہ صدارتی امیدوار

image

 

صدر جوبائیڈن کی صدارتی انتخابات سے دستبرداری، امریکی نائب صدر ڈیموکریٹک کی طرف سے امیدوار نامزد ہو سکتی ہیں، ڈیموکریٹس کی اکثریت کمالا ہیرس کی نامزدگی کیلئے تیار ہے۔

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹک اراکین کی اکثریت نے نائب امریکی صدر کمالا ہیرس کو صدارتی امیدوار کیلئے اپنی حمایت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کی جانب سے امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ کمالا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار حمایت مسلسل بڑھ رہی ہے، قوی امکان یہی ہے کہ اگلے انتخابات میں ڈیموکریٹس کمالا ہیرس کو میدان میں اتاریں گے۔

کمالا ہیرس نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ مجھے پارٹی کی جانب سے وسیع حمایت حاصل کرنے پر فخر ہے اور میں بہت جلد باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کرنے کی منتظر ہوں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک غیر سرکاری سروے میں کمالا ہیرس کو 2500 سے زیادہ ڈیلیگیٹس کی حمایت کا دعویٰ کیا گیا ہے جو جیت کیلئے درکار سادہ اکثریت سے زیادہ ہے، جیت کیلئے 1976 ڈیلیگیٹس کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

تکنیکی طور پر یہ اراکین اب بھی اپنا ذہن بدل سکتے ہیں لیکن سروے میں کسی اور امیدوار کو ووٹ نہیں ملا، تاہم 54 اراکین نے کہا کہ انہوں نے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے کئی عہدیدار کمالا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کی توثیق کر چکے ہیں۔ پارٹی کے اندر سے اب تک ایسا امیدوار سامنے نہیں آیا جو کمالا ہیرس کے مقابلے میں صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہو۔