حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط مان لی

image

تاجر دوست اسکیم کا دائرہ بڑھا دیا گیا، رجسٹرڈ تاجروں کو ماہانہ 100 سے ایک ہزار روپے تک ایڈوانس ٹیکس دینا ہوگا، تاجر دوست اسکیم کا مقصد ٹیکس نیٹ سے باہر کے تاجروں کو رجسٹر کرنا ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی ہے۔ تاجر دوست اسکیم کا دائرہ 6 سے 42 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ تاجر دوست اسکیم کا مقصد ٹیکس نیٹ سے باہر کے تاجروں کو رجسٹر کرنا ہے۔ اسکیم کے تحت دکان داروں کی آمدن کا ریکارڈ ایف بی آر کو موصول ہو گا جس سے سالانہ آمدن کے مطابق ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ایف بی آر کو اس اسکیم سے 100 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔

رجسٹرڈ تاجروں سے 100 سے 1000 روپے تک ماہانہ ایڈوانس ٹیکس لیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسکیم ایبٹ آباد، اٹک، بہاولنگر، بہاولپور، چکوال، ڈیرہ اسماعیل خان، فیصل آباد، گھوٹکی، گجرات، گوادر حافظ آباد، ہری پور، حیدرآباد، اسلام آباد، جھنگ، جہلم، کراچی فہرست میں شامل ہیں۔ اسکے علاؤہ قصور، خوشاب، لاہور، لاڑکانہ، لسبیلہ، لودھراں، منڈی بہاؤالدین میں بھی اسکیم نافذ ہو گی۔ 

مانسہرہ، مردان، میرپورخاص، ملتان، ننکانہ، نارووال، پشاور میں بھی رجسٹریشن ہو گی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ بھی شامل کر لیے گئے جبکہ سکھر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تاجر دوست اسکیم نافذ کر دی گئی ہے۔