چینی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان

image

شوگر ملز مالکان کا چینی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ، چینی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ بجٹ میں 15 روپے فی کلو ڈیوٹی کے بعد سامنے آیا، آئندہ ستمبر میں مزید ساڑھے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ 

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق شوگر ملز مالکان نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایکس مل قیمت 140 کے بجائے 150 روپے فی کلو مقرر کی جائے۔ حکومت سے ساڑھے 8 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت بھی مانگی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ شوگر ملز کی جانب سے چینی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ بجٹ میں 15 روپے فی کلو ڈیوٹی کے بعد سامنے آیا ہے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے فوری طور پر 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ اتنی مقدار میں چینی برآمد کرنے سے 30 کروڑ ڈالر زرمبادلہ حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ 

شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے آئندہ ستمبر میں مزید ساڑھے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ شوگر ایڈوائزری بورڈ چینی برآمد کرنے سے متعلق آئندہ اجلاس میں غور کرے گا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق نومبر تک ملک میں 15 لاکھ ٹن سرپلس چینی دستیاب ہو گی۔