قیادت نئی نسل کو سونپنے کا یہ درست وقت ہے: صدر جوبائیڈن

image

 امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ملک کو متحد رکھنے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ قیادت نئی نسل کو سونپی جائے، انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ سیاہ فام خاتون کو صدر کیلئے اُمیدوار نامزد کیا۔

واشنگٹن: (بین الاقوامی ڈیسک) نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن سے دستبرداری کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ملک کو متحد رکھنے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ قیادت نئی نسل کو سونپی جائے اور یہ صحیح وقت ہے، پارٹی کے اتحاد کیلئے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوا۔جوبائیڈن نے کہا کہ میں نے پہلی مرتبہ سیاہ فام خاتون کو صدر کیلئے اُمیدوار نامزد کیا، کملا ہیرس تجربہ کار اور مضوط اُمیدوار ہیں، ان میں ملک اور پارٹی کو متحد رکھنے کی صلاحیت ہے، انتخابات میں ٹرمپ کو ضرور شکست دیں گی، ہمیں ثابت کرنا ہے کہ ہم ایک عظیم قوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں کسی قسم کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، جمہوریت کی بقا اور دفاع سب سے زیادہ اہم ہے، میں نے امریکی عوام کے مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کیا، سپریم کورٹ کی اصلاحات ہماری جمہوریت کیلئے ضروری ہیں۔ جوبائیڈن نے قوم سے خطاب میں مزید کہا ہے کہ امریکا اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اگلے چند مہینے ملک، قوم اور دنیا کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم اب بھی ایمانداری، شائستگی، احترام، آزادی، انصاف اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں؟