حسینہ واجد کی طاقت کے زور پر حکمرانی نے اپنے ہم وطنوں کو ہی مخالف بنا لیا: حافظ نعیم

image

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا ہے کہ حسینہ واجد طاقت کے زور پر حکمران تھیں اور انہوں نے اپنے ہم وطنوں کو اپنا مخالف بنا لیا۔

کراچی: (قومی ڈیسک) بنگلا دیش کی صورت حال پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ بنگلا دیش میں 15 سالہ جبر کے دور اور بھارت نواز حکومت کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ حسینہ واجد نے بنگلادیش پر بھارت کو مسلط کیا ہوا تھا جو ہوا وہ تصور میں نہیں تھا۔ بنگلا دیش میں خوشحالی اور حقیقی جمہوریت کی واپسی کے لیے بھی دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد طاقت کے زور پر حکمران تھیں، انہوں نے اپنے ہم وطنوں کو اپنا مخالف بنا لیا۔ حسینہ واجد نے بھارت کی مدد سے عوام اور اُن کی آواز دبا کر حکومت کی۔  ان کی فاشسٹ حکومت کا خاتمہ بنگلا دیشی عوام کی قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دعا ہے بنگلادیش کے عوام کی جدوجہد ملک میں استحکام کا سبب بنے۔ یاد رہے کہ بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں اور ان میں سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد استعفیٰ دے کر ملک سے فرار ہو گئی ہیں۔