پاکستان ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب

image

ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی، ٹیم پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے دی، پاکستان کی جیت کا اسکور 5-2 رہا۔

بیجنگ: (اسپورٹس ڈیسک) چین میں جاری ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے کوریا کے خلاف 5 گول اسکور کیے، پاکستان کی جانب سے سفیان خان اور حنان شاہد نے 2، 2 اور رومان نے ایک گول اسکور کیا۔

گزشتہ روز ایونٹ کے سیمی فائنل میں چین نے پاکستان کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ گرین شرٹس کو اپنے 5ویں اور پول کے آخری میچ روایتی حریف بھارت سے 1-2 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ایونٹ کا فائنل آج چین اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ان دنوں شدید مالی مسائل کا شکار ہے۔ ٹیم پاکستان کے زیادہ تر کھلاڑی ادھار ٹکٹ لے کر ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ وزارتِ کھیل اور حکومت پاکستان کی عدم توجہی کی وجہ سے قومی کھیل زوال کا شکار ہے۔