آئی سی سی سیکیورٹی وفد کی پاکستان آمد

image

چیمپئنز ٹرافی 2025ء، پاکستان میزبانی کیلئے بالکل تیار، آئی سی سی سیکیورٹی وفد نیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کراچی پہنچ گیا۔

کراچی: (اسپورٹس ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے سلسلے میں آئی سی سی کے وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے آئے ہوئے وفد کی جانب سے اسٹیڈیم کے انتظامات اور ٹیموں کی سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا۔ سیکیورٹی وفد میں سینیئر منیجر ایونٹس سارا ایڈگر، جنرل منیجر وسیم خان، سیکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر اور براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل ہیں۔

آئی سی سی کا وفد نیشنل اسٹیڈیم کے بعد قذافی اسٹیڈیم اور پنڈی اسٹیڈیم کا بھی دورہ کرے گا۔ تینوں شہروں کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وفد اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔ یہ رپورٹ آئندہ سال ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی میں شامل ٹیموں کے اطمینان کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی کرے گا۔ آئی سی سی پہلے ہی چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دے چکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میگا ایونٹ کا ابتدائی شیڈول بھی آئی سی سی کو بھیج چکا ہے۔

پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی  چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے ڈرافٹ شیڈول منظر عام پر آچکا ہے۔ گروپ اے میں بھارت اور پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ افغانستان اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔

ایونٹ کا آغاز میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری سے کراچی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 5 مارچ کو کراچی اور 6 مارچ کو راولپنڈی میں ہوں گے۔ فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہوگا اور 10 مارچ فائنل کیلئے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔