روسی طیاروں کا یوکرین کے زاپوریزیہ شہر پر حملہ، 16 شہری زخمی
روس کے یوکرینی شہر زاپوریزیہ پر فضائی حملے، تعلیمی ادارے، گاڑیوں، گیراجوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ریسکیو کیا۔
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین جنگ میں ایک بار پھر شدت آ گئی، روس کی جانب سے یوکرین کے شہر زاپوریزیہ پر فضائی حملہ 16 شہری شدید زخمی ہو گئے، روسی فوج نے یوکرین میں تعلیمی ادارے، گاڑیوں، گیراجوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔
زاپوریزیہ کے گورنر ایوان فیڈوروف نے سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام پر بتایا کہ روس نے شہر اور اس کے اضلاع میں 7 فضائی حملے کیے، حملے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے تباہ شدہ عمارتوں سے رہائشیوں کو ریسکیو کیا، روس نے زاپوریزیہ کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی بموں کا استعمال کیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یوکرین کے شہر زاپوریزیہ میں ہونے والے فضائی حملوں کی تردید دونوں فریقین کی جانب سے کی جا رہی ہے، یوکرینی فضائیہ نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روس نے رات کے وقت یوکرین کو نشانہ بنانے کے لیے 2 ایئر میزائل اور 4 ڈرون حملے کیے ہیں، روس کے دونوں میزائل اور ڈرون یوکرین کی دفاعی افواج کے اینٹی ایئر کرافٹ میزائل ڈیفنس کی وجہ سے اپنے اہداف تک پہنچنے میں ناکام ہوگئے۔