تازہ ترین سروے میں ٹرمپ کی پوزیشن مضبوط

image

امریکی صدارتی انتخابات 2024ء، ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان کانٹے دار مقابلہ، کہیں کمیلا ہیرس کو برتری اور کہیں ٹرمپ کی مقبولیت زیادہ ہے۔

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) صدارتی انتخاب میں پانسہ پلٹ دینے والی 3 ریاستوں کے سروے میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو حکمران جماعت ڈیموکریٹس کی امیدوار کملا ہیرس پر سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ امریکی صدارتی الیکشن 5 نومبر کو ہوں گے لیکن اس سے قبل ہونے والے سروے میں ووٹرز کا ملا جلا رجحان سامنے آ رہا ہے جس میں اب تک کملا ہیرس کو فیوریٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم نیویارک ٹائمز اور سیانا کالج کے 3 اہم میدان جنگ جو پانسہ پلٹ سکتے ہیں، میں کیے گئے نئے سروے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے خوش خبری ہے۔

نیویارک ٹائمز کے اس پول میں ایریزونا سے 713، جارجیا سے 682 اور شمالی کیرولینا سے 682 ووٹرز نے حصہ لیا۔ ہر ریاست میں 4 سے 5 فیصد پوائنٹس کے درمیان غلطی کا مارجن ہوتا ہے۔ سروے کے مطابق ایریزونا، شمالی کیرولینا اور جارجیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کا پلڑا حیران کن طور پر بھاری ہے۔

امریکی ریاست ایریزونا میں کملا ہیرس کی مقبولیت 45 فیصد جبکہ ٹرمپ کو یہاں 50 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ جارجیا میں بھی ٹرمپ کی مقبولیت 49 فیصد اور کملا ہیرس کی مقبولیت 45 فیصد رہی۔ شمالی کیرولینا کا منظرنامہ بھی ٹرمپ کے حق میں ہے۔ یہاں سابق صدر پر 49 فیصد جبکہ کملا ہیرس پر 47 فیصد ووٹرز نے اعتماد کا اظہار کیا۔