وزیراعظم شہباز شریف کی امریکہ میں مصروفیات

image

کویتی ولی عہد سے ملاقات، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہء خیال، وزیراعظم شہباز شریف آج سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

نیویارک: (ویب ڈیسک) وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون سے لے کر دونوں ممالک کے مابین عوامی اور سماجی تبادلوں تک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت سیل کے تحت کویت اور پاکستان کے درمیان اقتصادی روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔

واضح رہے کہ 24 ستمبر کو وزیر اعظم شہباز شریف امریکہ کے 5 روزہ دورے کے سلسلے میں نیویارک پہنچے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آج نیویارک میں مصروف دن گزاریں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی طرف سے رکن ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مختلف ملکوں کے سربراہان سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کریں گے۔