بانی پی ٹی آئی نے بڑا مطالبہ کر دیا

image

سابق وزیرِاعظم عمران خان کی اڈیالا جیل میں صحافیوں سے گفتگو، اگلے چیف جسٹس کی تقرری کے اعلان کا مطالبہ، موجودہ حکومت عدلیہ کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی طاقت کو ختم کرنا ہے۔

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) سابق وزیرِاعظم عمران خان نے اگلے چیف جسٹس کی تقرری کے اعلان کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کو پتہ چل گیا ہے۔ دورانِ گفتگو عمران خان نے کہا کہ یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ انہوں نے پہلے ملک کا بیڑا غرق کیا اور اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ 

عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گینگ آف تھری کی توسیع کیلئے پورے ملک کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں جیل میں سارے فیصلے لکھے ہوئے آتے ہیں جو ججز کو مجبوراً سنانا پڑتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججز کو اپنے تابع کرنے کیلئے ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا 8 فروری کے انتخابات کو فراڈ الیکشن قرار دے رہی ہے۔ 

اڈیالہ جیل میں گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 لگنے کے ڈر سے الیکشن فراڈ کو دبایا جا رہا ہے۔ عمران خان نے اپنی گفتگو میں جسٹس منصور علی شاہ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہا کہ آئینی عدالت کے قیام کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی طاقت کو ختم کرنا ہے۔