قومی کرکٹ ٹیم ایشیاء کپ ہارنے کا غم بھلانے کیلئے کوشاں

جمعہ کے روز نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رہا، انگلش ٹیم کا 17 سال بعد پاکستان آنا خوش آئند، ہر کرکٹر چاہتا ہے وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے، قومی ٹیم کی قیادت بہترین ہاتھوں میں ہے۔
کراچی: تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم ایشیاء کپ کے فائنل میں ہارنے کا غم بھلانے کیلئے کوشاں ہے۔ قومی ٹیم نے شائقین کی مسکراہٹیں واپس لانے کیلئے مشقیں شروع کر دی ہیں۔ مہمان کرکٹرز نے بھی جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
میڈیا کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ 17 سال بعد انگلش ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔ انھوں نے کہا پاکستان کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے اور انکی خواہش ہوتی ہے کہ بہترین ٹیمیں یہاں آئیں۔ مہمان ٹیم کا سخت چیلنج ورلڈکپ کی تیاری کا اچھا موقع فراہم کرے گی۔
شان مسعود سے جب کپتانی سے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا میں نے ایسا کبھی نہیں سوچا۔ انھوں نے کہا میں ہمیشہ اپنے آپ کو ہر نمبر پر کھیلنے کیلئے تیار رکھتا ہوں اور ہر کرکٹر چاہتا ہے وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے۔ انھوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت بہترین ہاتھوں میں ہے۔