شکیب الحسن دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے یا نہیں؟

image

بھارت بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز، شکیب الحسن بھمرا کی گیند لگنے سے زخمی، دوسرا ٹیسٹ کھلانے کا فیصلہ میڈیکل رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔

چنائی: (اسپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیشی آل راؤنڈر و سابق کپتان شکیب الحسن کی بھارت کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت پر سوالات اُٹھ گئے ہیں۔ بی سی بی کے حکام شکیب الحسن کی بھارت کے خلاف کانپور ٹیسٹ میچ میں شرکت کا فیصلہ طبی معائنے کے بعد کریں گے۔ انہیں چنئی میں ابتدائی ٹیسٹ کے دوران انگلی میں جسپریت بھمراہ کی گیند لگی تھی۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ فزیو تھراپی ٹیم شکیب الحسن کی نگرانی کر رہی ہے جس کے بعد پلئینگ الیون میں آل راؤنڈر کی شمولیت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان نجم الحسن شانتو نے شکیب الحسن کی انجری کے خدشات کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں بطور باؤلر استعمال نہ کرنے کا انتخاب کیا ہے کیونکہ دیگر باؤلرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

قبل ازیں چنائی ٹیسٹ میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو 280 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیکر ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار شکستوں پر فتوحات کی تعداد کو پیچھے چھوڑ کر ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ بھارت کو یہ سنگ میل عبور کرنے کیلئے 92 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا۔ بھارت اب تک 178 میچ ہارا جبکہ 179 میچز میں فتح یاب ہوا ہے۔