کرکٹرز کی فٹنس بڑھانے کیلئے پی سی بی کی پھرتیاں
کنسلٹنٹ اسپورٹس میڈیسن کا نیا عہدہ، امیدواروں سے 10 اکتوبر تک درخواستیں طلب، سی ایس ایم کھلاڑیوں کے امراض کی بروقت تشخیص اور علاج کا ذمہ دار ہوگا۔
لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کے فٹنس مسائل کی بروقت تشخیص کیلئے کنسلٹنٹ اسپورٹس میڈیسن کی تقرری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک سطح پر کرکٹرز کو تکلیف کی تشخیص میں مسائل کا سامنا رہا ہے۔ اس لیے اب کنسلٹنٹ اسپورٹس میڈیسن کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کرکٹرز کے مسائل کی بروقت تشخیص، علاج اور ری ہیب کا ذمہ دار ہو گا۔
پی سی بی نے کنسلٹنٹ اسپورٹس میڈیسن کی تلاش شروع کر دی ہے۔ خواہشمند امیدواروں سے 10 اکتوبر تک درخواستیں بھی مانگ لی گئی ہیں۔ کنسلٹنٹ قومی اور ڈومیسٹک فزیوز اور ٹرینرز کے ساتھ رابطہ رکھ کر کھلاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنائے گا۔
پی سی بی کے مطابق کنسلٹنٹ کیلئے ایم بی بی ایس کی ڈگری کے ساتھ 10 سالہ تجربے، سپورٹس کلچر کی سمجھ بوجھ اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو عہدے کیلئے اہلیت قرار دیا گیا ہے۔ کنسلٹنٹ سپورٹس میڈیسن کے عہدے کے خواہشمند امیدوار 10 اکتوبر تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے مستعفی ہونے کے بعد سے ڈائریکٹر میڈیکل کا عہدہ خالی پڑا ہے۔