ہندو انتہا پسندوں نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا

image

بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ٹی 20 سیریز، گوالیار میں ہونیوالے میچ کے روز ہڑتال ہوگی، ہندو انتہا پسندوں نے بنگلہ دیش سے کرکٹ نہ کھیلنے کیلئے دباؤ بڑھانا شروع کر دیا ہے۔

چنائی: (اسپورٹس ڈیسک) ہندو انتہا پسندوں نے بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان 6 اکتوبر کو ٹی 20 میچ کے موقع پر گوالیار میں ہڑتال کی کال دیدی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھو راؤ شندھو اسٹیڈیم میں دونوں ملکوں کے درمیان 3 میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ طے ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی نے معاملات کو مزید متنازع بنا دیا ہے۔

ہندو محاسبہ تنظیم نے گوالیار میں شیڈول بنگلادیش کیخلاف میچ نہ ہونے دینے کا اعلان کیا ہے۔ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد رواں ماہ شیڈول بھارت بنگلہ دیش کرکٹ میچز منسوخ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ قبل ازیں مہاسبھا نے دھمکی دی تھی کہ بنگلہ دیشی ٹیم کی آمد پر وہ اسٹیڈیم کے باہر احتجاج کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کانپور میں 27 ستمبر کو شروع ہوگا جس کیلئے سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ اکتوبر میں 3 ٹی 20 میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ اس سے پہلے ٹیم بنگلہ دیش پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر 2-0 سے ٹیسٹ سیریز ہرا کر گئی ہے۔