شائقین 24 ستمبر تک قذافی اسٹیڈیم سے پرنٹڈ ٹکٹیں حاصل کر لیں: پی سی بی

image

لاہور میں پاک انگلینڈ میچ کیلئے شائقینِ کرکٹ ای ٹکٹ پر داخلے کی سہولت سے محروم، ٹکٹ حاصل کرنے کا وقت دوپہر 12 سے رات 8 بجے تک، گزشتہ انٹرنیشنل اور پی ایس ایل میچز کے دوران ای ٹکٹ، موبائل تصویر اور فوٹو کاپی کا بار کوڈ اسکین کروانے پر داخلے کی اجازت دے دی گئی تھی لیکن اس سہولت کا کئی شائقین نے ناجائز فائدہ اٹھایا تھا۔ 

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں پاک انگلینڈ میچ کیلئے شائقین کرکٹ کو ای ٹکٹ پر داخلے کی سہولت سے محروم کر دیا ہے۔ پی سی بی نے بکنگ کروانے والے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ 24 ستمبر تک قذافی اسٹیڈیم سے پرنٹڈ ٹکٹیں حاصل کر لیں۔ پرنٹڈ ٹکٹ حاصل کرنے کا دورانیہ دوپہر 12 سے رات 8 بجے تک ہوگا جبکہ تصدیق کیلئے شناختی کارڈ بھی ہمراہ لانا ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ انٹرنیشنل اور پی ایس ایل میچز کے دوران ای ٹکٹ، موبائل تصویر اور فوٹو کاپی کا بار کوڈ اسکین کروانے پر داخلے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ تاہم اس سہولت کا کئی شائقین نے ناجائز فائدہ اٹھایا تھا۔ ای ٹکٹ کے حامل افراد کا بار کوڈ پہلے ہی سکین ہوجانے کی وجہ سے ان کو اسٹیڈیم میں داخلے کا موقع نہیں مل سکا تھا جس پر شائقین کرکٹ نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب ٹیموں کو قذافی اسٹیڈیم میں لانے کیلئے روٹ پر لائٹنگ لگا دی گئی ہے جبکہ لبرٹی چوک، پنجاب یونیورسٹی اور گلبرگ کالج میں شائقینِ کرکٹ کیلئے پارکنگ بنائی جائے گی۔ ادھر پاک انگلینڈ سیریز کے پہلے ٹی۔20 میچ کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تماشائیوں کو مشکلات کا سامنا رہا، تماشائیوں کی آمد کا سلسلہ سہ پہر 3 بجے سے ہی شروع ہو گیا تھا، انکلوژرز میں داخلے کیلئے ٹکٹس کی چیکنگ کیلئے 3 مراحل سے گزرنا پڑ رہا تھا، پہلے مرحلے میں پولیس چیکنگ ہوئی تھی۔ 

اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل ٹکٹس کی تصدیق کیلئے شناختی کارڈ اور بچوں کا ب فارم چیک کیا جاتا، شائقین کو چپس اور بسکٹ تک لے جانے کی اجازت نہیں تھی، پانی کی بوتل، کولڈ ڈرنک، سگریٹ لائٹر بھی اسٹیڈیم لے جانا منع تھا، باہر لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، ان میں بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین سب شامل تھے۔ سیلاب سے متاثرہ دادو کی تحصیل خیرپور ناتھن شاہ سے بھی ایک خاندان میچ دیکھنے کیلئے آیا ہوا تھا۔