ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کی امداد کا عندیہ دے دیا

image

ورلڈ بینک پاکستان کی عوام کو سپورٹ کرنے کیلئے پرعزم، ورلڈ بینک کے وفد کی وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات، ورلڈ بینک کی ٹیم نے سڑکوں کی تفصیلات جمع کرانے کی تجویز دی تاکہ اس منصوبے پر غور کیا جا سکے۔

کراچی: تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے پاکستان کو 2 ارب ڈالر قرض دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ورلڈ بینک کے صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریسر نے یہ عندیہ پاکستان کے دورے کے اختتام پر دیا ہے۔ پاکستان میں واقع ورلڈ بینک کے دفتر کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ورلڈ بینک سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر پاکستانی عوام کی سپورٹ کیلئے پرعزم ہے۔ 

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ورلڈ بینک کے وفد کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کی رقم صحت، خوراک، پناہ گاہوں اور نقد رقوم کی ہنگامی ضرورت کیلئے فراہم کی جائے گی۔ اپنے دورے کے اختتام پر مارٹن ریسر نے کہا کہ ہم پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ پر غور کر رہے ہیں۔ ورلڈ بینک کے صدر نے پاکستان کے 2 روزہ دورے کے دوران وفاقی وزرا، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے ملاقاتیں کیں۔ 

عالمی بینک کے وفد نے وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران عالمی بینک کے وفد کو سندھ میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کو بتایا کے حالیہ سیلاب سے 17 لاکھ مکانات منہدم  ہو چکے ہیں جن کی تعمیر پر 500 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ ورلڈ بینک کے صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریسر نے کہا کہ ہمارے ماہرین اور سندھ حکومت کے متعلقہ افسران مل بیٹھ کر ایک منصوبہ تیار کریں۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفد کو بتایا کہ سیلاب میں تباہ ہونے والی سڑکوں کی تعمیر پر کم از کم 100 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ ورلڈ بینک کی ٹیم نے سڑکوں کی تفصیلات جمع کرانے کی تجویز دی تاکہ اس منصوبے کی منظوری پر غور کیا جا سکے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب سے غریب لوگوں کے 12 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی پیدا کرنے اور روزی روٹی کی اسکیم پر ایک ملین ڈالر خرچ ہوں گے۔ ورلڈ بینک کے وفد نے مراد علی شاہ کو ورکنگ پیپر پیش کرنے کو بھی کہا ہے۔