موبائل فون کی درآمدات میں کمی ریکارڈ

image

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار، گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں موبائل فون کی درآمدات میں 18 فیصد کمی ہوئی، موبائل فونز کی درآمدات میں کمی کے باوجود ٹیلی کام کے مجموعی درآمدی حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) موبائل فون کی درآمدات کے حوالے سے پاکستان بیورو برائے شماریات نے اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق موبائل فونز کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات پر 7.058 ملین ڈالرز کا زرمبادلہ خرچ ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں موبائل فون کی درآمدات میں 18 فیصد کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 8.314 ملین ڈالرز تھی۔ اگست میں 4.38 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے۔ جولائی میں موبائل فونز کا درآمدی بل 2.67 ملین ڈالر رہا۔ 

گزشتہ سال اگست میں موبائل فونز کی درآمدات کی مالیت 4.97 ملین ڈالر تھی۔ دوسری جانب موبائل فونز کی درآمدات میں کمی کے باوجود ٹیلی کام کے مجموعی درآمدی حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ٹیلی کام گروپ کی مجموعی درآمدات کا حجم 393.263 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 73 فیصد زیادہ ہے۔