صنعتی پیداوار میں اضافہ، مہنگائی 8 سے 9 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان
مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے اچھی خبر، ستمبر میں ترسیلات زر 2 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے 3 ارب 20 کروڑ ڈالرز تک رہنے کا امکان ہے، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے۔
اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ مہنگائی کے حوالے سے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں مثبت معاشی آثار دیکھنے کو ملے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد کے درمیان رہے گی۔ ستمبر میں برآمدات ڈھائی سے 3 ارب ڈالرز کے درمیان رہنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑے شعبوں کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی آئی ہے۔ ستمبر میں ترسیلات زر 2 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے 3 ارب 20 کروڑ ڈالرز تک رہنے کا امکان ہے۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ دکھائی دے رہا ہے۔