ضمنی گرانٹس کے اجراء پر پابندی عائد
تمام وزارتوں کو آفس میمورنڈم جاری، طے شدہ بجٹ کے علاوہ کوئی ضمنی گرانٹ جاری نہیں ہوگی، تکنیکی گرانٹ دستیاب نہ ہونے پرفنڈز کیلئے ٹھوس وجہ بیان کرنا ہو گی۔
اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے ضمنی گرانٹس کے اجراء پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں کو آفس میمورنڈم بھی جاری کر دیا ہے۔ وزارتوں کو پارلیمنٹ سے جاری اور ترقیاتی اخراجات کیلئے منظور شدہ بجٹ سے تجاوز نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
تمام وزارتوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ طے شدہ بجٹ کے علاوہ کوئی ضمنی گرانٹ جاری نہیں ہو گی۔ صرف شدید قدرتی آفات کی صورت میں سپلیمنٹری گرانٹ فراہم کی جا سکے گی۔ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کیلئے اضافی فنڈز فراہم کر دیے گئے ہیں۔
جاری کردہ بجٹ سے مختص فنڈز کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال کرنے کیلئے پہلے اجازت لینا ہوگی۔ وزارت خزانہ کے مطابق تکنیکی گرانٹ دستیاب نہ ہونے پر فنڈز کیلئے ٹھوس وجہ بیان کرنا ہوگی۔ پرنسپل اکاؤنٹ آفیسرز کو گرانٹس کے اجراء کیلئے ٹھوس وجہ دینا ہو گی۔