انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 2.70 روپے کی کمی

image

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 238 روپے سے بھی نیچے، سیلاب کی تباہ کاریوں کے تناظر میں بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں مؤخر کرنے کی حکومتی کوششوں سے ڈالر کی اڑان  میں کمی آئی ہے۔

کراچی: تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں واضح کمی آگئی ہے۔ پیر کے روز ڈالر کی قدر میں 2.70 روپے کی کمی ہوئی۔ ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 239 سے 238 روپے رہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ 244 سے 238 روپے سے بھی نیچے آگئے۔

انٹر بینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر گھٹ کر 236.25 روپے کی سطح پر آگئی تھی، تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 2.70 روپے کی کمی سے 237.01 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر یکدم 6.90 روپے کی کمی سے 237.50 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

ماہرین کی جانب سے عالمی بینک سے 2 ارب ڈالر کا فنڈ ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے تناظر میں بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں مؤخر کرنے کی حکومتی کوششوں سے بھی ڈالر کی اڑان  میں کمی آئی ہے۔ اسکے علاؤہ بینکوں کی سخت مانیٹرنگ اور غیرقانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن بھی روپے کے استحکام کا باعث بن رہا ہے۔