ویزا ملنے کے بعد جلد از جلد پاکستان آنے کا خواہشمند ہوں: ڈچ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین

image

پاکستان ہاکی ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کو پاکستان آنے کا ویزا جاری کر دیا گیا، ڈچ کوچ نے ویزا ملنے کی تصدیق کردی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے ٹکٹ ملنے کے بعد وہ پاکستان روانہ ہوجائیں گے۔ 

کراچی: تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کو پاکستان آنے کا ویزا جاری کردیا گیا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے ڈچ کوچ نے ویزا ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔ سیگفرائیڈ ایکمین نے کہا ہے کہ پاکستان کا ویزا ملنے کے بعد جلد سے جلد پاکستان آنے کا خواہشمند ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے ٹکٹ ملنے کے بعد وہ پاکستان روانہ ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے تربیتی کیمپ ان دنوں کراچی میں جاری ہے۔ اس تربیتی کیمپ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 32 کھلاڑیوں کو مدعو کر رکھا ہے۔ تاہم بیرون ملک لیگز کھیلنے میں مصروف کھلاڑیوں نے تاحال کیمپ میں رپورٹ نہیں کی۔ 

ویزا کے اجراء کے بعد ہالینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کے ایمبیسڈر سلجک تارڑ نے ڈچ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کو دستاویزات جاری کئے اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان کا قومی کھیل ہاکی ہے جس میں کبھی پاکستان کا ڈنکا بجتا تھا، اب کئی برس سے زوال کا شکار ہے۔

پاکستان کی ہاکی ٹیم کو 3 اولمپک گولڈ میڈل، 4 عالمی کپ اور 3 چمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ وہ دور تھا کہ پاکستان کی ٹیم اگر کوئی ٹورنامنٹ نہیں بھی جیتتی تھی، تب بھی وکٹری سٹینڈ پر اس کی موجودگی سمجھی جاتی تھی لیکن اب یہ دور ہے کہ وکٹری سٹینڈ پر پہنچنا ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ عالمی کپ 1994ء میں جیتا تھا اور اس کے بعد پاکستانی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی ہے۔