شوگر ملز کو اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت

image

شوگر ملز کی جانب سے چینی کی قیمت میں فوری اضافہ نہ کرنے کی یقین دہانی، پہلے مرحلہ میں 3 سے 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کی جائے گی، کسانوں سے آئندہ سیزن میں گنا خریدنے کیلئے ملز مالکان کو 800 ارب روپے درکار ہیں۔

لاہور: تفصیلات کے مطابق حکومت نے شوگر ملز مالکان کو اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار اور شوگر ملز مالکان کے درمیان اضافی سر پلس کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 3 سے 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ چینی کی برآمد سے ملک کو ایک ارب ڈالرز زرمبادلہ ملنے کا امکان ہے۔

شوگر ملز مالکان کومزید  5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مارکیٹ میں چینی کی دستیابی کی صورتحال دیکھ کر دی جائے گی۔ شوگر ملز کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ وہ چینی کی قیمت میں فوری طور پر 12 سے 15 روپے فی کلو اضافہ نہیں کریں گے، بلکہ یہ اضافہ مرحلہ وار کیا جائے گا۔ چینی کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے دسمبر کے بعد حکومت اور شوگر ملز کے مابین مذاکرات ہوں گے۔

واضح رہے کہ گنے کی کرشنگ کا نیا سیزن بھی شروع ہونے والا ہے۔ کسانوں سے آئندہ سیزن میں گنا خریدنے کیلئے ملز مالکان کو 800 ارب روپے درکار ہیں۔ شوگر ملز ایسوسی کے پاس اس وقت 13 لاکھ ٹن سرپلس چینی موجود ہے۔