فیفا ورلڈکپ 2022ء کا بڑا اپ سیٹ

image

سعودی عرب کے ہاتھوں ارجنٹائن کی شکست، امیر قطر کی سعودی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، سعودی عرب اور ارجنٹائن کے میچ کے دوران سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل اسٹیڈیم میں موجود رہے۔

دوحہ: قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں سعودی عرب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو 1-2 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔ سعودی عرب اور ارجنٹائن کے میچ کے دوران سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل بھی اسٹیڈیم میں موجود رہے۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے اور اس دوران انہوں نے بردار اسلامی ملک کا پرچم اٹھا کر ٹیم کی سپورٹ کرتے رہے۔

امیر قطر کی سعودی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ میچ کے دوران سعودی وزیر کھیل ٹیم کی جانب سے گول کرنے پر خوشی سے اچھل پڑے اور ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔ سعودی خبر رساں ادارے نے گول کے موقع پر وزیر کھیل کے خوشی کے اظہار کی تصاویر جاری کی ہیں۔ 

سعودی کھلاڑی کے دوسرے گول کے بعد عربی زبان میں کمنٹیٹر نے الله الله الله کے فلک شگاف نعروں سے اسٹیڈیم کو گرما دیا۔ دوسری جانب قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ 2022ء کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں جاپانی شائقین کو اسٹیڈیم میں پڑا کچرا اٹھاتے دیکھا گیا۔ قطر کا میچ ختم ہونے کے بعد اسٹیڈیم میں لوگ کچرا چھوڑ گئے اور جاپانیوں نے ایک بار پھر صفائی ستھرائی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں پڑا کچرا اٹھایا جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لئے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیڈیم کی نشستوں کے آس پاس کچرا پڑا ہوا ہے اور جاپانی فینز اسٹیڈیم میں کچرے کو چُن کر شاپر میں جمع کررہے ہیں۔