پاکستان کرکٹ بورڈ کا قومی کرکٹرز کو عشائیہ دینے کا فیصلہ

image

عشائیے میں چند اہم شخصیات کی شرکت متوقع، کھلاڑیوں کا عشائیہ دینے کا مقصد ان کی حالیہ کارکردگی کو سراہنا ہے، عشائیے میں سفارت کاروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

لاہور: تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو عشائیہ دینے کا اہتمام کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں کچھ اہم شخصیات کو بھی دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سفارتکاروں کو بھی عشائیے میں مدعو کیا گیا ہے۔ عشائیے میں وائٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت ٹیسٹ اسکواڈ کے ارکان بھی شرکت کریں گے۔ 

اس عشائیے کا مقصد قومی کرکٹرز کا ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے پر ان کی کارکردگی کو سراہنا ہے۔ دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو آج اسلام آباد پہنچ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

پی سی بی ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی 25 نومبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے 27 نومبر کی صبح پاکستان پہنچے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔