مغربی ایشیاء کے ممالک سے ملکی درآمدات میں ریکارڈ اضافہ

image

پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی کمی، دسمبر 2022ء میں خطے کے ممالک کی برآمدات سے ملک کو 231.21 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، مالی سال 2022ء میں مغربی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات کا حجم 20.39 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق مغربی ایشیاء کے ممالک سے ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے برعکس ان ممالک کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں بحرین، اردن ، کویت ، سعودی عرب، ترکی ، متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر ممالک کو برآمدات سے ملک کو 1.488 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں، جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں 6 فیصد کی کمی آئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیاء کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.575 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تاہم مالی سال 2022ء میں مغربی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات کا حجم 20.39 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

دسمبر 2022ء میں خطے کے ممالک کی برآمدات سے ملک کو 231.21 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ نومبر میں یہ زرمبادلہ 234.01 ملین ڈالر تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں مغربی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے لیکر دسمبر تک کی مدت میں مغربی ایشیاء کے ممالک سے 10.58 ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 9.530 ارب ڈالر تھیں۔