انڈس موٹرز انڈسٹری کی جانب سے پروڈکشن محدود کرنے کا فیصلہ

image

ملکی معاشی کساد بازاری، ٹویوٹا کمپنی کا تین شفٹس ختم کرکے سنگل شفٹ کرنے کا فیصلہ، کمپنی حکام نے خام مال کی عدم فراہمی کی وجہ سے فیصلہ کیا ہے۔

لاہور: کاریں بنانے والی معروف کمپنی انڈس موٹرز نے پلانٹ سنگل شفٹ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درآمدات پر پابندی کی وجہ سے خام مال کی کمی ہے۔ جب تک درآمدات پوری طرح کھولی نہیں جاتیں، پلانٹ مکمل طور پر آپریٹ نہیں ہو سکتا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 20 دسمبر کو ترجمان انڈس موٹرز نے پلانٹ دس دن کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کمپنی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا کہ یہ فیصلہ ملکی معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔ پلانٹ کو دوبارہ مکمل فعال بنانے کیلئے حکومتی پالیسیوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔

ترجمان انڈس موٹرز نے اسٹیٹ بینک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سی کے ڈی کٹس پر پابندی ہے۔ جب ہمارے پلانٹ کیلئے خام مال ہی دستیاب نہیں ہوگا، تو کس طرح ہم پلانٹ کو چلا سکتے ہیں۔ اسی لئے 15 فروری سے پلانٹ کو سنگل شفٹ پر منتقل کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا موجودہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ہماری سپلائی چین بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔