ترسیلات زر میں بڑی کمی ریکارڈ

image

رواں مالی سال کے دوران 10.8 فیصد کمی، ترسیلات زر کم ہو کر 17.9 ڈالرز تک محدود ہوگئیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 20 ارب ڈالرز سے زائد رقوم پاکستان منتقل کی تھیں۔

کراچی: (اکانومی ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ترسیلات زر کے حوالے سے نئے اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران مجموعی طور پر17.9 ارب ڈالرز پاکستان منتقل کئے ہیں۔ جو کہ گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران بھیجی گئی رقوم سے 10.8 فیصد کم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے ڈالر پر کیپ ہٹائے جانے کے بعد سے ترسیلاتِ زر میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ماہ فروری میں موصول ہونیوالی رقوم گزشتہ سال فروری میں موصول ہونیوالی رقوم سے 5 فیصد زائد ہیں۔ اگر گزشتہ ماہ جنوری سے موازنہ کیا جائے تو فروری میں 4.9 فیصد اضافے سے ترسیلات زر ایک ارب 89 کروڑ ڈالرز رہیں۔

یاد رہے کہ ڈالر کی کیپ شدہ قیمت 230 روپے تھی جبکہ اسٹیٹ بینک کے کیپ اتارنے کے بعد ڈالر کی موجودہ قیمت 280 روپے ہو گئی ہے۔ ترسیلاتِ زر میں اضافے کی وجہ ماہرین اقتصادیات ڈالر ریٹ میں اضافے کو بھی قرار دے رہے ہیں۔ تاہم یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ اضافے کی یہ شرح آنیوالے دنوں میں برقرار رہتی ہے یا نہیں۔