پاکستان میں مزید 8 سے 9 ملین افراد غربت کا شکار ہوں گے: ورلڈ بینک

image

ورلڈ بینک ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء کا دورہء پاکستان، وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ملاقات، سیلاب سے تباہ حال معیشت کی بحالی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

کراچی: (اکانومی ڈیسک) ورلڈ بینک ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیاء جان اے روم نے وفد کے ہمراہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران صوبائی کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ اور ورلڈ بینک حکام نے ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔

جان اے روم نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ برس آنے والے سیلاب سے ایک تہائی پاکستان متاثر ہوا ہے۔ شدید سیلابی ریلوں سے کھڑی فصلیں تباہ اور مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ ایسی صورتحال میں 80 سے 90 لاکھ لوگ مزید غربت کا شکار ہوں گے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو مزید بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلد تعمیر نو شروع کی جائے۔ ملک میں جدید نظام آبپاشی لانا ہوگا، تاکہ قیمتی پانی کی بچت اور سیلابی ریلوں سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔  وزیر اعلیٰ سندھ اور ورلڈ بینک حکام نے جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔