پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایلیٹ پینل کو 19 سال کے بعد خیر باد کہہ دیا

image

علیم ڈار نے ریکارڈ 435 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے، احسن رضا کو آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل کر لیا گیا، 58 سالہ علیم ڈار نے 144 ٹیسٹ، 222 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی جو دونوں میں ورلڈ ریکارڈ ہے، انہوں نے 69 ٹی-20 انٹرنیشنل میچوں میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔

کراچی: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کی شان عالمی ریکارڈ ہولڈر امپائر علیم ڈار نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ علیم ڈار نے اپنے کیریئر کے دوران ریکارڈ میچوں میں خدمات سرانجام دیں۔ دوسری جانب احسن رضا کو آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 58 سالہ علیم ڈار نے 144 ٹیسٹ، 222 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی جو دونوں میں ورلڈ ریکارڈ ہے، اس کے علاؤہ انہوں نے 69 ٹی- 20 انٹرنیشنل میچوں میں بھی فرائض انجام دیے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی پریس ریلیز کے مطابق امپائر علیم ڈار ایلیٹ پینل میں 19 سال رہنے کے بعد دستبردار ہو گئے، انہوں نے ریکارڈ 435 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی۔ علیم ڈار نے بطور ایلیٹ پینل امپائر 2002ء میں پہلے انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے تھے اور جنوبی افریقہ میں 2023ء میں ہونے والے ورلڈکپ میں بھی امپائر تھے۔ پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے بعد امپائرنگ کرنے والے علیم ڈار نے کہا کہ یہ اعزاز ہے کہ انہوں نے بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کی۔

آئی سی سی کی پریس ریلیز میں علیم ڈار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ ایک طویل سفر رہا ہے لیکن میں نے ہر ایک لمحے کو انجوائے کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا بھر میں امپائرنگ کرنے کا لطف اور اعزاز حاصل کیا ہے اور میں نے وہ کچھ حاصل کیا ہے جس کا امپائرنگ شروع کرتے وقت خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو جیف الا ڈائز نے کھیل کیلئے علیم ڈار کی خدمات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ اور آئی سی سی میں علیم ڈار کی کارکردگی قابلِ ذکر رہی ہے۔ آئی سی سی نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کے ایڈرین ہولڈ اسٹاک اور پاکستان کے احسن رضا کو ایلیٹ پینل میں شامل کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے احسن رضا کو آئی سی سی میں امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور علیم ڈار کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ 

48 سالہ احسن رضا آئی سی سی میں امپائرز کے انٹرنیشنل پینل میں 2010ء سے ہیں اور سب سے پہلے انہوں نے 50 ٹی-20 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی، مجموعی طور پر انہوں نے 72 ٹی- 20 انٹرنیشنل، 7 ٹیسٹ میچوں اور 41 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں خدمات انجام دی ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پوری قوم کیلئے یہ نہایت فخر اور مسرت کا موقع ہے کہ احسن رضا تیسرے پاکستانی امپائر ہیں جنہیں آئی سی سی میں امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل کیا گیا ہے، میں اس کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ سخت محنت، جذبے اور لگن کے ساتھ کام جاری رکھیں گے اور اس اہم شعبے میں امیج اور پروفائل کو مزید بہتر کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں علیم ڈار کو بھی بطور ایلیٹ پینل امپائر کامیاب کیرئیر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، وہ پہلے پاکستانی تھے جو آئی سی سی کے امپائر کے ایلیٹ پینل میں شامل ہوئے اور انہوں نے خود کو سب سے زیادہ قابل احترام اور انتہائی قابل امپائر کے طور پر منوایا۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ہمارے کپتان اب بھی بابر اعظم ہیں، وہ آرام کر رہے ہیں، بابر بادشاہ اور میں وزیر ہوں۔ گزشتہ روز لاہور میں پی ایس ایل کے پہلے ایلیمنیٹر میچ میں پشاور زلمی سے شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پریس کانفرنس کی۔ افغانستان کے خلاف سیریز سے متعلق بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ افغانستان کے خلاف اچھی سیریز ہوگی، ان کے کھلاڑی ہر جگہ لیگز کھیلتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ٹیلنٹ کی وجہ سے بہت پرجوش ہوں، جو مجھے آتا ہے کوشش کروں گا وہی کروں، نڈر کرکٹ کے ساتھ اسمارٹ کھیلنا ہوتا ہے یہی ماڈرن ڈے کرکٹ ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بابر اعظم کی کپتانی پر شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دفاع کرتے ہوئے بابر کی تعریف کی تھی۔