ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہونے لگا

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اعداد و شمار جاری، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 4 ارب 31 کروڑ 91 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، ملکی زرمبادلہ کے مجموعی قومی ذخائر 8.73 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں 3 فروری سے اب تک 1.4 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 10 مارچ سے اب تک اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 1 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ 

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت کمرشل بینکوں کے مجموعی ذخائر 5 ارب 52 کروڑ 77 لاکھ ڈالر ہیں۔ 10 مارچ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا کہ 3 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر  9.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ 

زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ چین کی جانب سے ملنے والے 50 کروڑ ڈالر کے کمرشل قرض کی وجہ سے ہوا ہے۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے تجزیے کے مطابق قومی ذخائر میں 3 فروری سے اب تک 1.4 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ رقم ایک مہینے کی درآمدات کیلئے کافی ہے۔ 

23 فروری کو اسٹیٹ بینک نے بتایا تھا کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ 17 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 3.258 ارب ڈالر تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق 17 فروری 2023ء کو ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 8 اعشاریہ 73 ارب ڈالر کی سطح پر تھے۔