پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو مالی خودمختاری دینے کیلئے تجاویز سامنے آ گئیں

image

سینیٹ قائمہ کمیٹی کا اجلاس، پی بی سی کے تمام ملازمین کو 20 رمضان سے قبل تنخواہیں دینے کی ہدایت، ایڈیشنل سیکریٹری سہیل علی خان کو پی بی سی کوآرڈینیٹر کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) موجودہ حکومت اب تمام گاڑیوں کے مالکان سے رجسٹریشن اور ٹوکن فیس کی ادائیگی کے وقت 500 روپے ریڈیو سبسکرپشن فیس وصول کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی نے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے ریڈیو فیس وصول کرنے کی تجویز دی ہے۔ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سینیٹر عرفان صدیقی نے کی ہے۔ 

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے تمام ملازمین کو 20 رمضان سے پہلے ان کی تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی نے ریڈیو پاکستان کو مالی طور پر خودمختار ادارہ بنانے کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری سہیل علی خان کو پی بی سی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ریڈیو سبسکریپشن فیس وصول کرنے کا فیصلہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران یہ تجویز پیش کی گئی کہ اس اقدام سے ریڈیو پاکستان کو مالی طور پر خودمختار ادارہ بنانے میں مدد ملے گی۔ دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد میں مبینہ کرپشن پر منیجمنٹ کمیٹی کو آئندہ اجلاس میں ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔