ایشیاء کپ میں بھارت کی آمد سے ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان ڈیڈلاک برقرار

image

رواں ہفتے ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا، میزبانی سے محروم کیا گیا تو ایشیاء کپ میں حصہ نہیں لیں گے، اے سی سی نے دونوں ممالک کو ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے ایک ’ہائبرڈ ماڈل‘ کی تجویز دی تھی۔

دوبئی: (اسپورٹس ڈیسک) رواں ہفتے ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا جہاں ایشیاء کپ میں بھارت کی آمد کے حوالے سے کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان ڈیڈلاک برقرار رہا۔ پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو واضح کردیا ہے کہ اگر ایشیاء کپ کی میزبانی سے محروم کردیا گیا تو رواں برس ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی بی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے گزشتہ برس یک طرفہ اعلان کیا تھا کہ حکومت کی منظوری کے بغیر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔

اے سی سی نے دونوں ملکوں کے خدشات کے پیش ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے ایک ’ہائبرڈ ماڈل‘ کی تجویز دی تھی، جس کے تحت بھارت اپنے میچز دوسرے مقام پر کھیلے گا۔ اس صورت میں یہ طے ہے کہ پی سی بی کو ایشیاء کپ کی میزبان کی حیثیت سے زیادہ سے زیادہ منافع ملے گا، جس طرح بھارت کے علاؤہ دیگر تمام میچز پاکستان کے اندر کھیلے جائیں گے اور زیادہ سے زیادہ میچز ملک کے اندر ہوں گے۔ پی سی بی نے اس ہائبرڈ ماڈل سے اتفاق نہیں کیا اور خدشہ ہے کہ پاکستان ایشیاء کپ سے دستبردار ہوجائے۔

بھارت کے ساتھ غیرجانب دار مقام میں کھیلنے کے حوالے سے ایک مسئلہ ہوسکتا ہے کہ ستمبر میں موزوں مقام ملنا مشکل ہوجائے گا جبکہ ٹورنامنٹ اسی دوران کھیلا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات اس طرح کے میچوں کیلئے نہایت موزوں جگہ ہے لیکن اس دوران وہاں موسم شدید گرم ہوگا، اسی طرح عمان اور سری لنکا پر زیرِ غور ہیں اور انگلینڈ کو بھی بھارت کے خلاف میچوں کی میزبانی کیلئے زیرِ غور ہے۔ اے سی سی کو ایشیاء کپ کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنا ہے۔

پی سی بی کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے اے سی سی کے عہدیداروں کو اپنے واضح مؤقف سے آگاہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اطلاعات ہیں کہ نجم سیٹھی نے اسی طرح کا ہائبرڈ ماڈل آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے تجویز کرنے کا مطالبہ بھی کردیا ہے کیونکہ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستان کو بھارت جانا ہوگا۔ بھارت میں ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ اکتوبر اور نومبر کے دوران کھیلا جائے گا۔