انٹربینک میں ایک بار پھر ڈالر کی قدر میں اضافہ

image

انٹر بینک میں چار دن کی چھٹی کے بعد کاروبار کا آغاز ہوا تو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں چار دن کی چھٹی کے بعد ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ گزشتہ ہفتے کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 72 پیسے سستا ہوکر 283.20 روپے پر بند ہوا تھا۔ آج انٹربینک میں چار دن کی چھٹی کے بعد کاروبار کا آغاز ہوا تو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا۔

 انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر 30  پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 283.50 روپے کا ہوگیا۔ دوسری جانب پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں خطے کی سب سے تیزی سے گرنے والی کرنسی بن گئی۔ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر جس تیزی سے بڑھ رہی ہے اس نے ملکی تاریخی میں بلندی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ عالمی لحاظ سے بھی دیکھا جائے تو پاکستانی کرنسی کی قدر دیگر ممالک کے کرنسیوں کے مقابلے میں کئی گنا تیزی سے گر رہی ہے۔

 رواں سال 2023 کے پہلے ماہ کے دوران اب تک پاکستان میں ڈالر کی قدر میں 16فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو خطے میں کسی بھی ملک کے کرنسی کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ 30 جنوری کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 2.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس کے مقابلے میں خطے کے 12 ممالک میں صرف بنگلہ دیش، سری لنکا، ویتنام اور فلپائن کی کرنسی میں گراوٹ آئی لیکن یہ گراوٹ بھی 0.1 فیصد تا 0.7 فیصد تک محدود رہی جبکہ بقیہ 7 ممالک کی کرنسیوں میں ڈالر کے مقابلے میں اضافہ ہوا۔