شارجہ دنیا کی مشکل ترین پچز میں سے ایک ہے: عماد وسیم

image

قومی کرکٹر عماد وسیم کا پاک افغان سیریز پر اظہارِ خیالات، "ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں کہ کبھی آؤٹ آف فارم میں نہیں رہا، پاکستانی لڑکوں میں پوٹینشل بہت زیادہ ہے، وکٹ کنڈیشنز کو سمجھنے میں کئی سال لگ جاتے ہیں۔

شارجہ: (اسپورٹس ڈیسک) عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں کہ کبھی آؤٹ آف فارم میں نہیں رہا، چانسز مل رہے ہیں لیکن شارجہ کی وکٹ کافی مشکل ہے۔ یہاں پر خیال تھا کہ 130 سے 140 کا سکور اچھا ہوگا، اچھا ہدف دینے میں کامیاب رہے تھے۔ ہم نے آخر تک کوشش بھی کی کہ رنز کا دفاع کرسکیں لیکن بدقسمتی سے ہار گئے۔

عماد وسیم نے کہا کہ پاکستانی لڑکوں میں پوٹینشل بہت زیادہ ہے اور پرفارمنس دے کر یہ ٹیم میں آئے ہیں، وکٹ کنڈیشنز کو سمجھنے میں کئی سال لگ جاتے ہیں اور میرے خیال میں شارجہ دنیا کی مشکل ترین پچز میں سے ایک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی وکٹ آپ کو کبھی نہیں ملے گی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کبھی ایسی وکٹ نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ بطور پروفیشنل کھلاڑی ہم نے لیگز کھیل کر بہت تجربہ حاصل کیا ہے کہ کس وکٹ پر کس طرح کھیلنا ہے، مجھے یقین ہے کہ نوجوان بیٹرز بھی اس سیریز سے سیکھیں گے کہ کس طرح ایسی پچز پر بیٹنگ کرنی چاہیے۔

آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، اچھے کھلاڑی وہ ہوتے ہیں جو کنڈیشنز کے مطابق بیٹنگ اور بولنگ کرتے ہیں، وکٹ کو دیکھ کر بیٹنگ اور بولنگ کی جاتی ہے۔ عماد وسیم کا کہنا تھا کہ سیریز ہارنے کا بہت دکھ ہے اور اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے۔ عماد وسیم نے کہا کہ ہماری ترجیح اب آخری میچ جیت کر وائٹ واش سے بچنا ہے۔ اس کیلئے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو ٹی20 میچز میں شکست دینے والے کھلاڑیوں کیلئے ہزاروں ڈالرز اور جدید آئی فون کے انعام کا اعلان کردیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں افغان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کو افغان ٹیم کے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نے اس موقع پر 15 رکنی ٹیم کو جدید آئی فون اور 3 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کیا۔ افغان ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں کو بھی 2 ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔ ایڈمن اسٹاف کو ایک ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔