ملکی درآمدات میں بڑی کمی

ادارہ برائے شماریات کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری، پاکستانی درآمدات میں 17 فیصد کمی، رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران موبائل فون درآمدات کا حجم 448 ملین ڈالرز تک محدود رہا۔
کراچی: (اکانومی ڈیسک) مرکزی بینک اور وفاقی حکومت کے مشترکہ اقدامات کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ لگژری اشیاء پر لگائی جانیوالی پابندی سے درآمدات میں 17 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ درآمدات میں نمایاں کمی کی وجہ سے قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایل این جی درآمدات کا حجم 2.551 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ حجم گزشتہ مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران درآمدات سے سترہ فیصد کم ہے۔ صرف ماہ فروری کے دوران ایل این جی کی مد میں 358 ملین ڈالرز صرف ہوئے جو گزشتہ سال فروری سے پندرہ فیصد زیادہ ہیں۔
موبائل فونز درآمدات جولائی تا فروری کے عرصے کے دوران 448 ملین ڈالرز رہیں، جو گزشتہ سال کی نسبت 68 فیصد کم ہیں اور گزشتہ ماہ فروری میں یہ شرح 77 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔ فروری 2023ء میں موبائل فونز درآمدات پہ 33 ملین ڈالرز خرچ ہوئے، یہی اخراجات گزشتہ سال فروری میں 142 ملین ڈالرز تھے۔