امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

image

کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 18 پیسے کا اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 4 روپے کا اضافہ، انٹر بینک میں امریکی ڈالر کا لین دین 288 روپے پر جاری ہے۔ 

کراچی: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی کرنسی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز انٹر بینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 18 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافے کے بعد ایک امریکی ڈالر 288 روپے کا ہو چکا ہے۔ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز امریکی ڈالر کی قیمت 285 روپے 82 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔ امریکی ڈالر کی قدر میں ہونے والے اضافے کے باعث پاکستانی روپے کی قدر میں دن بدن کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ 

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کے پیش نظر روپے کی قدر میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ دوسری جانب آئی ایم ایف پروگرام میں بھی ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ واضح رہے کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے اور ملکی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیا ہے۔