مالی سال 2023-24ء کا وفاقی بجٹ 9 جون کو متوقع

image

وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے 700 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز، آئندہ بجٹ کا مجموعی حجم 14 ہزار 600 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز، نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق مالی سال 2023-24ء کا وفاقی بجٹ 9 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون کو اور قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 3 جون کو طلب کیا گیا ہے۔ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ 

وزارت خزانہ کی جانب سے موجودہ مالی سال کی جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ 0.29 فیصد لگایا گیا ہے۔ مالی سال 2023-24ء کیلئے بجٹ اہداف کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کی مد میں 700 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 1 ہزار ارب روپے تک اضافہ کر  سکتے ہیں۔ 

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم 14 ہزار 600 ارب روپے سے زیادہ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اگلے سال کیلئے معاشی شرح نمو کا ہدف 3 فیصد سے زیادہ رکھنے کی تجویز ہے۔ نئے آنے والے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔