رواں مالی سال کے دوران پٹرولیم گروپ کی مجموعی درآمدات 17.96 فیصد کم ہو گئیں

image

پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں28.07 فیصد کمی، مالی سال کے دوران پٹرولیم گروپ کی کل درآمدات 13 ارب 97 کروڑ 46 لاکھ 10 ہزار ڈالرز رہیں، کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کا رحجان اپریل میں سالانہ بنیادوں پر 31.5 فیصد زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) وفاقی ادارۂ شماریات نے جولائی تا اپریل کے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعدادوشمار جاری کر دئیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ بالا عرصے کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں28.07 فیصد جبکہ پٹرولیم گروپ کی مجموعی درآمدات میں 17.96 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصہ کے دوران پٹرولیم گروپ کی کل درآمدات 13 ارب 97 کروڑ 46 لاکھ 10 ہزار ڈالر رہی ہیں۔

یہ درآمدات گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران کی جانے والی 17 ارب تین کروڑ 35 لاکھ 74 ہزار ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 17.96 فیصد کم ہیں۔ دوسری جانب کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کے رحجان میں اپریل کے دوران سالانہ بنیادوں پر 31.5 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل کے دوران صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ 89 ارب روپے کی خریداری کی جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 31.5 فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اپریل میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ 67 ارب روپے کی خریداری کی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق مارچ کے مقابلہ میں اپریل میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ خریداری کے رحجان میں ماہانہ بنیادوں پر 0.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مارچ میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ 89 ارب کی خریداری کی تھی۔