پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں 100 انڈیکس 41 ہزار 340 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اضافے کا رجحان، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 375 پوائنٹس کا اضافہ، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔

کراچی: (اکانومی ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اضافے کا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 450 سے زائد پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا، جو کاروبار کے اختتام تک 375 پوائنٹس تک پہنچا، کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 41 ہزار 340 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تقریباً 2 بجکر 40 منٹ پر انڈیکس 41,429.74 کی سطح پر آچکا تھا، جو 465.20 پوائنٹس یا 1.14 فیصد کا اضافہ ہے۔ 

ہنڈریڈ انڈیکس نے رینج باؤنڈ سیشن میں 0.16 فیصد گراوٹ دیکھنے کو ملی، کاروبار کے دوران تاجروں کی ہیوی سیکٹر بشمول آٹوموبائل، سیمنٹ، کیمیکل، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز اور او ایم سیز میں دلچسپی دیکھی گئی۔ ہیڈ آف ریسرچ آئی جی آئی سیکیورٹیز سعد خان نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ ”سعودی عرب سے فنڈز کی رپورٹس اور سیلاب سے متعلق ورلڈ بینک کی جانب سے فنڈز کی تقسیم نے ایک سکھ کی سانس فراہم کی ہے۔“ 

انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ آنے والے بجٹ میں کمپنیوں کے ذخائر پر ٹیکس لگانے کی حکومتی تجویز پر بھی رد عمل کا اظہار کر رہی ہے۔ سرمایہ کار اب بھاری منافع اور بونس دیکھنے کی طرف متوجہ ہیں۔ ابا علی حبیب سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ سلمان نقوی نے بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ بڑھنے کی متعدد وجوہات ہیں، جس میں سیاسی عدم استحکام میں کمی، اس کے علاؤہ بجٹ آنے والا ہے اور قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ ہر وہ کمپنی جس کے پاس اچھی نقد رقم ہے، اس پر ٹیکس لگایا جائے گا یا پھر وہ ڈیوڈنڈ دے، کمپنیاں اپنا پیڈ اَپ کیپٹل (ادا شدہ سرمایہ) بڑھا رہی ہیں تاکہ وہ بونس دے دیں اور انہیں کیش ڈیوڈنڈ نہ دینا پڑے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے سے مراعات دینے کے حوالے سے باتیں سامنے آ رہی ہیں، جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی ہے، عالمی منڈی میں کوئلے کی قیمتیں کافی نیچے آ گئی ہیں جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ ہو گیا ہے، اس لئے سیمنٹ سیکٹر میں تیزی دیکھ رہے ہیں۔ دوسری جانب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 45 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈالر کی 285.60 روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے کے بھاری اضافہ کے بعد 316 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔