ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بہتات انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے بڑا خطرہ

image

 

 

انٹرنیشنل کرکٹ اور فرنچائز ایک ساتھ چلنے کو تیار، رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مزید 2 لیگز کا اضافہ ہوا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل لیگز کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی خواہاں ہے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بہتات نے انٹر نیشنل اور دوطرفہ کرکٹ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ رواں سال کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 2 مزید لیگز کا اضافہ ہوا ہے جس میں جنوبی افریقی اور یو اے ای لیگز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ رواں سال جولائی میں امریکہ میں لیگ ہونے جا رہی ہے جس کیلئے کرکٹرز اپنے کنٹریکٹس کی قربانی دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھی لیگز کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی خواہاں ہے۔ 

آئی سی سی کے جنرل منیجر وسیم خان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ لیگز کی طرف سے کھلاڑیوں کو سال بھر کے معاہدوں کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو مسابقتی لیگز کی وجہ سے تفریح کے مواقع ملتے ہیں۔ وسیم خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں وائٹ بال کرکٹ میں مقابلے کی فضا بھی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے لیگز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، ان کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کو چلانے کے راستے تلاش کرنا ہوں گے۔ 

آئی سی سی کے جنرل منیجر وسیم خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ریڈ بال کرکٹ کو دیگر فارمیٹس اور کھلاڑیوں کو وقت نکالنے کا چیلنج درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹار کرکٹرز ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت پر بات کرتے نظر آتے ہیں۔ دنیا میں اب بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے کھلاڑیوں کے معاوضوں کو پرکشش بنانے کے سوال پر وسیم خان نے کہا کہ ممبر ممالک اس معاملے کو اپنے طور پر بہتر انداز میں دیکھ سکتے ہیں۔