امید کرتے ہیں مستقبل میں پاکستان بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا: چیئرمین آئی سی سی

image

پاکستان انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کیلئے پُرامن ملک قرار، سیف سٹی لاہور کا انفراسٹرکچر دنیا کے بہترین سسٹمز میں شامل، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں ایشیاء کپ اور چیمپئینز ٹرافی 2025ء کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لیا، پاکستان جونئیر ہاکی ایشیاء کپ کے  فائنل میں پہنچ گیا۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین گریگ بارکلے نے پاکستان کو انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کیلئے پُرامن ملک قرار دے دیا۔ آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو نے پاکستان میں ایشیاء کپ 2023ء اور چیمپئینز ٹرافی 2025ء کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہداداران کے ساتھ سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا اور کیمروں سے سرویلنس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد کامران خان نے ایشیاء کپ کیلئے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پی سی بی حکام کی جانب سے آئی سی سی وفد کو پاکستان دورہ کرنے والی ٹیموں کو دی جانے والی سیکیورٹی کی ویڈیوز دکھائیں، علاؤہ ازیں ائیرپورٹ، اسٹیڈیم روٹس، ہوٹلز، پارکنگ اور پولیس فورس کے انتظامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ  کے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کو کہا کہ اگر پاکستان بھارت میں جا کر کھیل سکتا ہے تو ایشیاء کپ اور چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت پاکستان آ کر کیوں نہیں کھیل سکتا۔ نجم سیٹھی نے آئی سی سی چیئرمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہترین ہے، پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد سب سے بڑی مثال ہے۔ نجم سیٹھی نے گریگ بارکلے کو نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کامیاب دورۂ پاکستان کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جب تینوں بڑے بورڈز سمیت متعدد ٹیمیں کھیل چکی ہیں تو بھارت اس دنیا سے الگ کیوں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بی سی سی آئی کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کا اشارہ دیا اور پاکستان سے آئندہ ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کے حوالے سے یقین دہانی طلب کی۔ گریگ بارکلے نے کہا کہ آئی سی سی چاہتا ہے کہ پی سی بی ورلڈ کپ میں اپنے میچوں کیلئے ہائبرڈ ماڈل کے نفاذ پر اصرار نہ کرے۔ 

پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیاء کپ کیلئے پاکستان کا دورہ نہیں کرتی ہے تو پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت جانے سے انکار کر دے گی۔ بی سی سی آئی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ایشیاء کپ کیلئے پی سی بی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کو قبول کر لیا گیا تو پی سی بی آئی سی سی سے اسی ماڈل کو آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے لاگو کرنے کی درخواست کر سکتا ہے۔ نجم سیٹھی نے ذکر کیا کہ اگر پاکستانی حکومت نے ٹیم کے دورۂ بھارت کی منظوری نہیں دی تو پی سی بی آئی سی سی سے میچز غیر جانبدار مقام پر کرانے کی درخواست کرے گا۔ اس طرح کی صورتحال آئی سی سی اور بی سی سی آئی دونوں کیلئے ایک اہم دھچکا ہو گی، کیونکہ بھارت میں ہونے والا پاک بھارت میچ ایک کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور اقتصادی طور پر بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کیلئے یکساں طور پر کامیاب ہوتا ہے۔ اس کے برعکس کسی بھی دوسرے ملک میں میچ کا انعقاد زیادہ ہجوم کو اپنی طرف متوجہ نہیں کرے گا، یہی بنیادی وجہ ہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ ایشیاء کپ کیلئے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے میں ہچکچا رہے ہیں۔

پی سی بی کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ اگر ایشیاء کپ کو پاکستان سے کسی غیر جانبدار ملک میں منتقل کیا گیا تو پاکستانی ٹیم شرکت نہیں کرے گی۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی حکام نے میٹنگ میں نجم سیٹھی اور پی سی بی کو چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کی گارنٹی دے دی۔ گریگ بارکلے نے نجم سیٹھی کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال سے مطمئن ہے، چیمپئنز ٹرافی میں تمام رکن ممالک شرکت کریں گے۔ چیف ایگزیکٹو آئی سی سی نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ کبھی زیادتی نہیں ہوگی جلد بھارتی کرکٹ بورڈ سے بات چیت کروں گا۔ دوسری جانب  پاکستان جونئیر ہاکی ایشیاء کپ کے  فائنل میں پہنچ گیا۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو 2-6 سے شکست دیدی، پاکستان کی طرف سے عبدالرحمٰن نے 3 گول کیے۔ فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل مدمقابل ہوں گی۔